کینبرا / واشنگٹن:(آئی این پی)ایران نے کہا ہے کہ میزائل تجربہ اپنے دفاع کے لیے کیا یہ نیوکلیائی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں،کسی پاگل نے ہم پر حملہ کیا تو موثر جواب دیا جائیگا۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے نیوزی لینڈ انسٹیٹیوٹ برائے بین الاقوامی امور میں خطاب کے بعد شرکا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایران اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے، شرکا نیتن یاہو سے پوچھیں کہ وہ ایران کے خلاف ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی کیوں دیتے ہیں اوراسی طرح امریکی صدر اوباما بھی آئے روز ان کے ملک کیخلاف ہتھیار استعمال کرنے کی بات کرتے ہیں۔ دوسری طرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے حالیہ میزائل تجربات کے معاملے پر غورکے لیے سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس ہوا، روسی سفیروٹالی چکرین نے کہا کہ ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل تجربات اقوام متحدہ کی قرارداد کی خلاف ورزی نہیں ، امریکا نے کہا وہ ایران کیخلاف کارروائی کیلیے اقوام متحدہ پردباؤ جاری رکھے گا۔ترجمان جوش ارنسٹ کا کہنا ہے کہ ایران کیخلاف مزید پابندیاں عائد کرنا خارج از امکان نہیں۔