خبرنامہ انٹرنیشنل

کسی کوامریکا کوکمزورملک کہنے کی اجازت نہیں دیں گے، ہلیری کلنٹن

فلا ڈلفیا:(اے پی پی) نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کے لئے ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزد امیدوار ہلیری کلنٹن کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی امریکا کو کمزور ملک کہنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ فلا ڈلفیا میں ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے کنوینشن کے آخری روز خطاب کرتے ہوئے ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ امریکی صدر براک اوباما کی صدارت میں امریکا بہت مضبوط ہوا ہے، اوباما انتظامیہ کی معاشی پالیسیوں نے امریکا کو ہمیشہ کے لیے معاشی بحران سے بچا لیا ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی نامزدگی قبول کرتے ہوئے ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ امریکا میں ایسا معاشرہ چاہتے ہیں جہاں ہرشخص کو اچھی ملازمت اور بہترین ماحول میسر ہو، ہم امریکا میں کسی کے لئے دیوار نہیں بنائیں گے، کسی مذہب پر پابندی نہیں لگائیں گے بلکہ متحد ہو کر امریکا کو مزید ترقی دیں گے اور امریکا کو مکمل محفوظ بنانے کا خواب اب پورا ہوگا۔ ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ امریکا کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے لیکن داعش سے متعلق فوجی جنرلز سے زیادہ معلومات رکھتی ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح بے خبر نہیں ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے گولی چلائے بغیر ایران کا ایٹمی پروگرام بند کرا دیا، اب اسرائیل کی سیکیورٹی کے لئے کام کریں گے اور کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ امریکا کو کمزور ملک کہے، کسی حملے کو ہونے سے پہلے ہی روک دیں گے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کا کہنا تھا کہ امریکا تاریخ کے اہم ترین دور سے گزر رہا ہے، امریکا ایسا ملک نہیں جہاں تمام اختیارات ایک ہی شخص کو دے دیئے جائیں بلکہ دنیا بھرمیں اتحادیوں کےساتھ مل کرکام کریں گے۔ نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی ہلیری کلنٹن کا مقابلہ ریپبلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ سے ہو گا۔