خبرنامہ انٹرنیشنل

کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منا رہے ہیں

کشمیر:(اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منا رہے ہیں، نام نہاد جمہوریت کا علمبردار بھارت مسلسل کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے سے گریزاں جبکہ مملکت خداداد پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اخلاقی اور سیاسی حمایت کرنے پر نازاں ہے ۔ 19 جولائی 1947 کو قیام پاکستان سے صرف 26 دن قبل کشمیریوں نے پاکستان سے الحاق کی وہ قرار داد عظیم منظور کی جس کی پیروی میں کشمیری قوم ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹی اور آج تک 80 ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کر چکی۔ 19 جولائی47 19 کو سری نگر میں کشمیری راہنما سردار ابراہیم کے گھر جمع ہونے والے 60 کشمیری راہنماؤں نے متفقہ طور پر ایک قرارداد کے زریعے پاکستان میں شامل ہونے کا فیصلہ اپنے مذہبی ثقافتی جغرافیائی اور معاشی حقوق کے تحفظ میں کیا جو ریاستوں کے الحاق کے برطانوی فارمولے کے عین مطابق تھا۔ لیکن کشمیر کے ہندو ڈوگرا راج مہاراجہ ہری سنگھ کو مسلمانوں کا یہ فیصلہ ہضم نہ ہوا ہری سنگھ نے مسلمانوں کی اکثریتی آبادی کی خواہش کے برعکس بھارت سے الحاق کا اعلان کیا تو پوری وادی میں علم بغاوت بلند ہوا ۔ ہری سنگھ بھارت اور برطانوی وائس رائے لارڈ ماؤنٹ بیٹن کی سازش ظلم اور ناانصافی کے خلاف اٹھنے والی آوازوں میں پاکستانی آوازیں بھی شامل ہوئی تو کشمیر کے ایک حصے کو آزاد کرا لیا گیا۔ 31 دسمبر 1948 کو مسئلہ کشمیر کو خود اقوام متحدہ میں لے جانے اور جموں و کشمیر میں استصواب الرائے کا وعدہ کرنے والا بھارت آج بھی اپنے وعدے سے مکر کر کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں آج بھی نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کی گونج ہر طرف سنائی دیتی ہے۔ جو بھاتی کانوں پر بجلی بن کر گرتی رہے گی۔