پیانگ یانگ: شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ ان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دورہ واشنگٹن کی دعوت قبول کرلی۔
کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں کی سنگاپور میں ہونے والی تاریخی ملاقات کے دوران کم جانگ ان نے ڈونلڈ ٹرمپ کو دورہ پیانگ یانگ کی دعوت دی تھی جب کہ شمالی کوریا کے سربراہ نے امریکی صدر کی جانب سے دی گئی دعوت قبول کی۔
کم جانگ ان کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا اور امریکا کے لیے دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات بہت ضروری تھی تاکہ ایک دوسرے کے خلاف طاقت کے استعمال کو روکا جائے۔
یاد رہے کہ دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان 12 جون کو سنگاپور میں تاریخی ملاقات ہوئی جس کے دوران ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے جس میں جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے مکمل طور پر پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آج تاریخی موقع ہے اور ہم نے خصوصی تعلق قائم کرلیا ہے۔