خبرنامہ انٹرنیشنل

کوئی ملک القدس میں سفارتی مشن قائم نہ کرے: عرب لیگ

کوئی ملک

کوئی ملک القدس میں سفارتی مشن قائم نہ کرے: عرب لیگ

قاہرہ: (ملت آن لائن) عرب لیگ کے وزرا خارجہ نے تمام ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سلامتی کونسل کی 1980 میں منظور کی گئی قرارداد 478 پر عمل کرتے ہوئے بیت المقدس شہر میں سفارتی مشن قائم کرنے سے احتراز کریں۔ قاہرہ میں عرب لیگ کے صدر دفتر میں ہونے والے خصوصی اجلاس کے دوران عرب وزرا خارجہ نے ایک بار پھر باور کرایا کہ القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور وہاں سفارتی مشن منتقل کرنے کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ یکسر مسترد کیا جائے گا۔ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے بیان میں امن کو بطور ہتھیار تھامے رکھنے اور عرب اسرائیل تنازع 2002 کے عرب امن منصوبے کے مطابق حل کرنے کی تاکید کی گئی۔ بیان میں زور دیا گیا کہ امن عمل کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جائے۔ ادھر فلسطینی وزیر برائے اوقاف ومذہبی امور یوسف ادعیس نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے جنوری 2018 کے دوران تاریخی جامع مسجد ابراہیمی میں 49 بار اذان پر پابندی لگائی، جس پر فلسطینی سراپا احتجاج ہیں۔

……………………………….

اس خبر کو بھی پڑھیے…حجاب نہ اوڑھنے پر 29 ایرانی خواتین گرفتار

تہران: (ملت آن لائن) ایران میں سر ڈھانپنے کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کو گرفتار کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق رواں ہفتے کے دوران دارالحکومت تہران سمیت ایران کے مختلف شہروں سے عوامی مقامات پر حجاب نہ کرنے پر کم از کم انتیس خواتین کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ ایرانی پولیس کا موقف ہے کہ جن خواتین کو گرفتار کیا گیا ہے انہوں نے ایک پراپیگنڈا مہم کے تحت حجاب اتارا تھا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ پراپیگنڈا مہم غیر ممالک میں مقیم ایرانی شہریوں نے شروع کر رکھی ہے جو گزشتہ برس دسمبر سے شدت اختیار کیے ہوئے ہے۔ اس مہم کے ذریعے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ حجاب لازمی طور پر کرنے کی پابندی کو ختم کرے۔ یاد رہے کہ ایران میں 1979ء کے اسلامی انقلاب کے بعد 9 برس سے زائد عمر کی لڑکیوں کو لازمی طور پر سر ڈھانپنا اور عبایا پہننا لازمی ہوتا ہے۔ اس پابندی کی خلاف ورزی پر کسی بھی خاتون یا لڑکی کو ہفتوں جیل میں مقید رکھا جا سکتا ہے۔حجاب نہ اوڑھنے پر 29 ایرانی خواتین گرفتار