خبرنامہ انٹرنیشنل

کوہ نور ہیرا پنجاب کے مہاراجہ نے ایسٹ انڈیا کمپنی کو تحفے میں دیا: بھارتی حکومت

نئی دہلی:(اے پی پی)بھارتی سپریم کورٹ میں کوہ نور ہیرے سے متعلق سماعت میں بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ برطانیہ نے کوہ نور چرایا ، نہ زبردستی حاصل کیا بلکہ ایک سو پانچ قیراط کا یہ ہیرا مہاراجہ رنجیت سنگھ نے تحفے میں دیا تھا ۔ بھارتی سپریم کورٹ میں آل انڈیا ہیومن رائٹس اینڈ سوشل جسٹس فرنٹ تنظیم کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست میں برطانیہ سے کوہ نور ہیرا انگوٹھی اور ٹیپو سلطان کی تلوار واپس کرنےکا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ سماعت کے دوران بھارتی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ حکومت برطانیہ نے یہ ہیراچوری کیا اور نہ زبردستی حاصل کیا بلکہ پنجاب کے مہاراجہ رنجیت سنگھ نے اسے ایسٹ انڈیا کمپنی کو بطور تحفہ دیا تھا ۔ کوہ نور ہیرا ایک تاج میں جڑا ہے جسے ٹاور آف لندن میں رکھا گیا ہے۔ ادھر پاکستانی شہری نے بھی لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ کوہ نور ہیرا پاکستان میں واپس لایا جائے –