خبرنامہ انٹرنیشنل

کیلی فورنیا کے ایک رہائشی مکان پرچھاپہ، تیرہ بچے بازیاب

کیلی فورنیا کے ایک

کیلی فورنیا کے ایک رہائشی مکان پرچھاپہ، تیرہ بچے بازیاب

نیویارک:(ملت آن لائن) امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پولیس نے ایک رہائشی مکان پر چھاپہ مار کر والدین کے قبضے سے تیرہ بچوں کوبازیاب کرالیا۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایک گھر پر چھاپہ مارا اورکامیاب کارروائی کرتے ہوئے تیرہ بچوں کو بازیاب کراتے ہوئے شادی شدہ جوڑے کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے کاروائی اس وقت عمل میں آئی جب سترہ سالہ لڑکی نے اس جوڑے کی قید سے فرار ہوکر نائن ون ون پر اطلاع دی، اطلاع دیتے ہوئے لڑکی کا کہنا تھا کہ اس کے والدین نے اس کے بارہ بہن بھائیوں کو گھر میں قید کر رکھا ہے۔ پولیس نے لڑکی کی نشاندہی پر چھاپہ مار کربچوں کو بازیاب کرالیا، جن کی عمریں دو سے تیرہ سال کے درمیان ہیں، پولیس کے مطابق ملزمان نے بڑی عمر کے بچوں کو زنجیروں سے باندھ کر رکھا تھا۔ ادھیڑعمر والدین کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور ان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔ مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پڑوسیوں کا کہنا تھا کہ اس گھر میں موجود لوگوں کو کوئی نہیں جانتا کیوں کہ ہم نے انہیں کہیں آتے جاتے نہیں دیکھا، یہ لوگ زیادہ وقت گھر میں ہی گزارتے تھے۔ پولیس کی تحویل میں موجود والدین نے بچوں کو قید رکھنے کی تاحال کوئی وجہ بیان نہیں کی ہے، پولیس کے ماہرین کا خٰیا ل ہے کہ مذکورہ جوڑا کسی ذہنی خلل کے سبب ایسا کررہا تھا تاہم حتمی رائے تحقیقات مکمل ہونے پر ہی قائم کی جاسکے گی۔