خبرنامہ انٹرنیشنل

کیمرون میں ٹرین پٹری سے اترنے سے 70افراد ہلاک،575سے زائد زخمی

یاؤندے(ملت + آئی این پی) افریقی ملک کیمرون میں ریل گاڑی پٹری سے اترنے کے باعث 70افراد ہلاک اور575 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وسط افریقی ملک کیمرون میں ریل گاڑی پٹری سے اترگئی جس کے نتیجے میں70افراد ہلاک جبکہ575 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ کیمرون کے وزیر ٹرانسپورٹ ایڈ گارڈ الین میبے نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پانڈے اور ڈولا شہر کے درمیان چلنے والی ٹرین میں گنجائش سے زائد افراد کے سوار ہونے کے باعث ٹرین ایسیکا کے مقام پر حادثے کا سبب بنی۔ان کاکہنا تھا کہ ملک کے دونوں بڑے شہروں کی سڑکیں مخدوش ہونے کے باعث مسافربسوں کے بجائے ٹرین کو ترجیح دے رہے ہیں اور مسافروں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے 8 اضافی ڈبے لگائے گئے تھے جبکہ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین میں بھی معمول کے مطابق 600 افراد کے بجائے 1300 افراد سوارتھے۔وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد میں سے بیشتر معذور ہوگئے ہیں جبکہ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔عینی شاہدین کے مطابق ٹرین کے دس ڈبے پلٹ گئے اور ان کے نیچے کئی لوگ دب گئے۔شدید بارش اور مٹی کے تودے کے سبب دونوں شہروں کے درمیان جگہ جگہ سڑک مسدود تھی ۔ اس لیے لوگ بڑی تعداد میں بسوں کے بجائے ٹرین سے سفرکر رہے تھے۔غیر معمولی بھیڑ کے سبب ٹرین میں اضافی آٹھ ڈبے لگائے گئے تھے۔حکومت کے ایک وزیر نے کہا ہے کہ بسوں کا راستہ بدل کر دوسرے راستے سے لے جانے کے لیے فوج کی مدد لی جا رہی ہے۔