خبرنامہ انٹرنیشنل

کیمرون یورپی یونین سےاخراج، تفصیلات واضح کریں:یورپی کمیشن

برسلز:(اے پی پی) یورپی کمیشن کے سربراہ جین کلاڈ جنکر نے کہاہے کہ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کو یورپی یونین سے اخراج کے بارے میں تمام تفصیلات فوری واضح کرناچاہیے جبکہ جرمن چانسلر نے بھی انہی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ مستقبل میں مذاکرات میں برطانیہ کو من مانی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یورپی ذرائع ابلاغ کے مطابق یونین سے برطانوی انخلاء کے بعد یونین میں شامل دیگر ممالک کا مؤقف سخت ہوتا جارہاہے اور یورپ کا سیاسی درجہ حرارت بڑھ رہاہے ۔گزشتہ روز برسلز میں یورپی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے یورپی کمیشن کے سربراہ جین کلاڈ جنکر نے کہا کہ مستقبل کے مذاکرات اس وقت تک نہیں ہوں گے جب تک برطانوی وزیر اعظم یورپی یونین سے اخراج کے بارے میں تمام تر تفصیلات کا فوری اعلان نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ برطانوی وزیر اعظم سے ملاقات کررہے ہیں ، اور ملاقات میں وہ ان سے کہیں گے کہ صورتحال کو جلدی سے واضح کیاجائے کیونکہ ہم غیر یقینی کی صورتحال کو برقرار نہیں رکھنا چاہتے۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید مذاکرات نہیں ہو ں گے جب تک برطانیہ تمام تر تفصیلات سے آگاہ نہیں کرتا۔ دوسری جانب جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے جرمن پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یورپی یونین اتنی طاقتور ہے کہ وہ یونین سے برطانوی اخراج کامعاملہ برداشت کرسکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ یورپی یونین بدستور قائم رہے گی اور ہم امن ، ترقی ، خوشحالی اور استحکام کی ضمانت فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم مستقبل میں دنیا میں اپنے مفادات کا تحفظ یقینی بنا سکتے ہیں۔ جرمن چانسلر نے کہاکہ مستقبل کے مذاکرات میں برطانیہ کو اپنی من مانی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔