خبرنامہ انٹرنیشنل

کینیڈا کی شاہی پولیس کی خواتین عملے کو حجاب پہننے کی اجازت

اوٹاوا:(اے پی پی) کینیڈا کی شاہی ماؤنٹیڈ پولیس نے اپنے خواتین عملے کو وردی کے ساتھ حجاب پہننے کی اجازت دے دی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق حکومت کے ترجمان سکاٹ بارڈسلی کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد کینیڈا کی مختلف برادریوں میں تنوع کی عکاسی کرنے کے علاوہ مسلمان خواتین کی توجہ حاصل کرنا ہے۔کینیڈین پولیس کی یہ وردی جو اپنی بڑے کناروں والی ٹوپی کی وجہ سے مقبول تھی، دو صدی پہلے متعارف کروائے جانے کے بعد بہت کم تبدیل ہوئی ہے۔کینیڈا کے سوشل میڈیا کے مطابق پولیس نے کام کے لیے موزوں تین قسم کے حجاب کے ڈیزائن آزمائے گئے جس کے بعد ایک ڈیزائن منتخب کر لیا گیا۔واضح رہے کہ گذشتہ دو برس کے دوران 30 افسران نے مذہبی اور ثقافتی وجوہات کی بِنا پر وردی کے قوانین کو نرم کرنے کی بات کی تھی۔زیادہ تر کیسوں میں یہ درخواستیں مرد افسروں کی جانب سے دی گئی تھیں کیونکہ وہ داڑھی رکھنا چاہتے تھے۔ٹورنٹو اور ایڈمنٹن کے بعد آر سی ایم پی ایسی تیسری تنظیم ہے جس نے پولیس فورس میں خواتین کو حجاب پہننے کی اجازت دی ہے۔