خبرنامہ انٹرنیشنل

کینیڈا کے سینیٹ نے بھی آنگ سان سوچی کی اعزازی شہریت منسوخ کرنے کی منظوری دے دی، میانمر کی جمہوریت پسند رہنما کنینیڈا کی اعزازی شہریت سے محروم کی جانے والی پہلی شخصیت بن گئیں

اوٹاوہ ۔ (ملت+اے پی پی) میانمر کی رہنماآنگ سان سوچی دنیا بھر کی پہلی ایسی شخصیت بن گئی ہیں جن کی کنینیڈا نے اعزازی شہریت منسوخ کردی ان کی کینیڈین شہریت میانمرکی فوج کو روہنگیا مسلمانوں پر مظالم سے روکنے کا حکم نہ دینے پر منسوخ کی گئی ۔کینیڈا کے ایوان زیریں نے آنگ سان سوچی کی شہریت منسوخ کرنے کی منظوری گذشتہ ہفتے دی تھی جس کے بعد کینیڈا کے سینیٹ نے بھی ان کی شہریت منسوخ کرنے کی منظوری دے دی ۔ برما میں روہنگیا مسلمانوں کو غیر ملکی سمجھا جاتاہے اور میانمر کی فوج کی طرف سے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جانے کے بعد 7 لاکھ روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے جہاں پر وہ کیمپوں مین زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ روہنگیا مسلمانوں نے میانمر کی فوج پر ان کے ماورائے عدالت قتل، جنسی زیادتیوں اور گھروں کو جلائے جانے کے بارے میں بیانات دئے ہیں ۔ یہ امرقابل ذکر ہے کہ کینیڈا نے دنیا بھر میں صرف پانچ شخصیات کو اپنی اعزازی شہریت دی ہے جن میں نیلسن منڈیلا، دلائی لامہ اور ملالہ یوسف زئی شامل ہیں۔