خبرنامہ انٹرنیشنل

کینیڈین ریاست البرٹا میں آتشزدگی کے باعث 1600 مکانات تباہ؛ ہنگامی صورتحال نافذ

اوٹاوا:(آئی این پی)کینیڈین ریاست البرٹا کے شہر فوٹ میکمری کے جنگلات میں لگی آگ نے تباہی مچا دی جس کی زد میں آکر 1600 مکانات تباہ ہوگئے جب کہ حکومت نے ریاست میں ایمرجنسی نافذ کردی۔ کینیڈین ریاست البرٹا کے جنگلات میں لگی آگ شہری علاقوں تک پہنچ گئی جس کے نتیجے میں 1600 مکانات تباہ اور 80 ہزار افراد علاقہ چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہوگئے جب کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے ریاست البرٹا میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے آگ بجھانے کے عمل کوتیز کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ ریاست البرٹا کے وزیر بلدیات ڈینیلا لیریو کا کہنا ہے کہ جنگلات میں لگی آگ نے تیز ہواؤں کے باعث قریبی بستیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث بلند عمارتوں سمیت 1600 مکانات جل کر خاک ہوگئے جب کہ ٹاؤن کے 80 ہزار افراد علاقہ چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ خوفناک آگ تیزی سے شہری علاقوں کی جانب بڑھ رہی ہے جسے بجھانے کے لئے دیگر شہروں سے بھی فائر فائٹرز طلب کرلی گئی ہیں اور 250 فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم علاقہ خالی کرنے کے دوران کار حادثے میں ایک شخص ہلاک ہوا جب کہ وزارت پیٹرولیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نقصان کو کم سے کم کرنے کے لئے علاقے کے تمام آئل ڈپوز کو سپلائی بند کردی گئی ہے۔