خبرنامہ انٹرنیشنل

کیوبا کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں،ایران

ہوانا(آئی این پی)ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران ہمیشہ کیوبا کے ساتھ مضبوط قریبی تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق لاطینی امریکا کے دورے کے آغاز کے موقع پر جواد ظریف نے ہوانا میں کیوبن ہم منصب برونو روڈریگوز کی جانب سے امریکا کی ہمہ نوع پابندیوں کی مزاحمت کرنے پر کیوبا کی تعریف کی۔انھوں نے توانائی،صنعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ممکنہ تعاون کا حوالہ دیا۔ مسٹر روڈریگوز نے اس موقع پر کیوبا کی جانب سے امریکا اور دنیا کی دوسری بڑی طاقتوں کے ساتھ جوہری پروگرام کے تنازعے میں ایران کی حمایت کااظہار کیا اور کہاکہ ہم ایران کے خلاف ہرطرح کی پابندیوں اور یک طرفہ معاندانہ اور خاص طور مالیاتی شعبے میں اقدامات کی مخالفت جاری رکھیں گے۔جواد ظریف سرکاری اور کاروباری عہدے داروں کے ایک بڑے وفد کے ساتھ کیوبا کے علاوہ بولیویا،چلی،ایکواڈور،نکارا گوا اور وینزویلا کے دورے پر بھی جائیں گے۔