خبرنامہ انٹرنیشنل

گرفتاریاں بدعنوانی کے خلاف مہم کا محض آغاز ہیں، سعودی اٹارنی جنرل

گرفتاریاں بدعنوانی کے خلاف مہم کا محض آغاز ہیں، سعودی اٹارنی جنرل
ریاض: (ملت آن لائن) سعودی عرب کے اٹارنی جنرل شیخ سعود المجیب نے کہا ہے کہ درجنوں شاہی شخصیات، وزراء اور کاروباری افراد کی گرفتاری دراصل بدعنوانی کے خلاف جاری مہم کا محض آغاز ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق شیخ سعود المجیب نے ایک بیان میں ان گرفتاریوں کو بدعنوانی کو جڑ سے ختم کرنے کے لازمی عمل کا آغاز قرار دیا ہے۔ بیان میں تحقیقات سے متعلق کہا گیا کہ اس کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کو ہے۔ بیان کے مطابق ٹھوس ثبوت پہلے ہی جمع ہو چکے ہیں اور کڑی تحقیقات کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشتبہ افراد کو قانونی وسائل کا استعمال کرنے کا حق ہوگا۔ مقدمات کو وقت پر اور شفافیت کے ساتھ قائم کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گذشتہ اتوار کو سعودی عرب میں انسداد بدعنوانی مہم کے تحت 11 شہزادوں اور 38 موجودہ اور سابق وزراء، نائبین اور سرمایہ کاروں کو حراست میں لیا گیا تھا۔