خبرنامہ انٹرنیشنل

گرفتار سعودی شہزادوں پر تشدد کا انکشاف

گرفتار سعودی شہزادوں پر تشدد کا انکشاف
سعودی عرب:(ملت آن لائن) سعودی عرب کی تاریخ میں کرپشن کے خلاف سب سے بڑے کریک ڈاؤن کے نتیجے میں رواں ماہ گرفتار ہونے والے شہزادوں پر امریکی پرائیویٹ کنٹریکٹرز کی جانب سے تفتیش کے دوران تشدد کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ 5 نومبر کو کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خلاف شاہ سلمان نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے موجودہ اور سابق وزراء کے ساتھ ساتھ 11 شہزادوں کو بھی گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے تھے جس کے بعد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں نو تشکیل شدہ اینٹی کرپشن کمیٹی نے ان افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔ سعودی عرب: کرپشن کے الزام میں وزراء اور 11 شہزادے گرفتار گرفتار سعودی شہزادوں میں ولید بن طلال بھی شامل ہیں، جنہوں نے دنیا کے نامور ترین مالیاتی اداروں میں سرمایہ کاری کررکھی ہے، وہ شاہ سلمان کے سوتیلے بھتیجے ہیں جن کا شمار دنیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہے۔ شہزادہ ولید بن طلال پر منی لانڈرنگ اور رشوت ستانی کے الزامات عائد کیے گئے۔
ان افراد کو قید کرنے کے لیے ریاض کے فائیو اسٹار ہوٹل کو سب جیل میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ تاہم برطانوی اخبار ڈیلی میل کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی امراء کو الٹا لٹکا کر اور مختلف طریقوں سے تشدد کرکے تفتیش کی جارہی ہے۔ کرپشن کے الزام میں گرفتار سعودی شہزادے زمین پر سونے پر مجبور کھرب پتی شہزادہ الولید بن طلال کو بھی الٹا لٹکا کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ گرفتار افراد کو عمر بھر سیلوٹ کرنے والے سعودی اہلکاروں کو جان بوجھ کر ذمہ داری نہیں دی گئی اور سعودی شہزادوں کے لیے جیل قرار دیئے گئے فائیو اسٹار ہوٹل کے باہر سعودی اور اندر نجی سیکیورٹی کمپنی کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ برطانوی اخبار نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ شہزادہ الولید بن طلال کو میٹنگ کا کہہ کر محل بلایا گیا تھا، انہیں رات پونے 3 بجےکمرے سےگھسیٹ کر ہتھکڑی لگائی گئی اور مجرم کےطور پر پوچھ گچھ کی گئی۔