نئی دہلی ۔(ملت آن لائن) دریا گنگا کو آلودگی سے پاک بنانے کے لئے 111 دن تک بھوک ہڑتال کر نے والے ماہر ماحولیات اور سائنس دان پروفیسر جے ڈی اگروال کا انتقال ہوگیا۔ انہیں بدھ کو ہری دوار انتظامیہ نے رشی کیش کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(ایمس ) میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہوں نے 9 اکتوبر سے پانی پینا بھی چھوڑ دیا تھا۔ وہ گنگا کی صفائی کے سلسلے میں فکرمند تھے۔ ایمس کے رابط عامہ کے افسر ہریش تھپڑیال نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔ اس سے قبل بھی انہیں ایک ہفتے کے لئے ایمس میں داخل کرایا جا چکا تھا۔ انتظامیہ اور ڈاکٹروں کی ٹیم انہیں ایمبولینس سے ایمس لے گئی تھی۔سوامی سانند گنگا سے متعلق تمام مسائل سے حکومت کو آگاہ کرچکے تھے اور اسی سال فروری میں انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر گنگا کے لئے علیٰحدہ سے قانون بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔ کوئی جواب نہ ملنے پر 86 سالہ پروفیسر 22 جون کو بھوک ہڑتال پر بیٹھے تھے۔ اس مدت میں وہ صرف پانی، نمک، لیموں اور شہد کا استعمال کر رہے تھے۔