خبرنامہ انٹرنیشنل

گوگل نے کاغذ کی طرح پھاڑے جانے والے ڈسپلے پر کام شروع کردیا

سان فرانسسکو:(آئی این پی )گوگل نے ایسے ڈسپلے پر کام شروع کردیا ہے جو موبائل اور ٹی وی اسکرین کی طرح روشن رہیں گے لیکن انہیں مختلف حصوں میں کاٹا اور توڑا جاسکے گا۔ ایل جی اور سام سنگ جیسی کمپنیاں ایسے لچکدار ڈسپلے پر کام کررہی ہیں جنہیں موڑا یا لپیٹ کر جیب میں رکھا جاسکتا ہے لیکن اس سے ایک قدم آگے جاکر گوگل نے کاغذ کی طرح پھاڑے جانے والے اسکرین اور ڈسپلے پر کام شروع کردیا ہے جس کے لیے پیٹنٹ کی درخواست دے دی گئی ہے۔ ان ڈیجیٹل پوسٹر اور ڈسپلے کو عین اسی طرح استعمال کیا جاسکتا ہے جس طرح سیاسی پوسٹر یا تلاشِ گمشدہ کے اعلانات چسپاں کیے جاتے ہیں۔ گوگل نے اکتوبر 2014 کو اس کے پیٹنٹ کی درخواست کی ہے اور اس کا نام ’ ٹیئرایبل ڈسپلے‘ رکھا گیا ہے جس کا مطلب ہے پھاڑے یا کترے جانے والے ڈسپلے۔ چند ماہ قبل ایل جی کمپنی نے لپیٹے جانے والے ایک ڈسپلے کو مارکیٹ میں پیش کیا ہے اس کے علاوہ کاغذ جتنی پتلی اسکرین بنانے کے لیے پوری دنیا میں کام ہورہا ہے۔