ہانگ کانگ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پر ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں اور مختلف علاقوں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہانگ کانگ کے ضلع مونگ کوک میں پولیس کی جانب سے نئے چینی سال کے آغاز کے سلسلے میں ہونے والی تقریبات کے لیئے تجاوزات کو ہٹانے کی کوشش کی گئی تو مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں شروع ہوگئیں۔مظاہرہ کرنے والوں میں ذیادہ تر افراد نےکھانے پینے کے اسٹال لگا رکھے تھے جنہوں نے پولیس اہلکاروں پر پتھر اور اینٹیں پھینکیں جس کے جواب میں پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور انتباہ کے لیئے ہوائی فائرنگ بھی کی جب کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے پر تشدد مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیئے مرچوں کا اسپرے بھی کیا گیا۔ہنگامے کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 44 افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ 23 افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ہانگ کانگ میں سڑکوں پر کھانے پینے کے اسٹال عام ہیں جب کہ نئے سال کے موقع پر بڑی تعداد میں اسٹال لگائے جاتے ہیں جہاں روایتی کھانے فروخت کیئے جاتے ہیں،تاہم انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن پراحتجاج شروع ہوگیا جس نے پرتشدد مظاہرے کی شکل اختیار کرلی جس کی وجہ سے اسے 2014 میں جمہوریت کی حمایت میں ہونے والے مظاہروں کے بعد سب سے پرتشدد احتجاج قرار دیا جارہا ہے۔