خبرنامہ انٹرنیشنل

ہانگ کانگ میں مسافر بس الٹنے سے 19 افراد ہلاک

ہانگ کانگ میں

ہانگ کانگ میں مسافر بس الٹنے سے 19 افراد ہلاک

ہانگ کانگ:(ملت آن لائن) شمالی علاقے تائی پو میں ڈبل ڈیکر بس الٹ جانے سے کم از کم 19 افراد ہلاک جب کہ 60 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ ہانگ کانگ کے شمالی علاقے تائی پو میں ڈبل ڈیکر بس الٹنے کے نتیجے میں اب تک 19 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ حادثے میں 60 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے 10 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
تائی پو فائرڈیپارٹمنٹ کے افسر چان ہنگ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے بیشتر افراد بس کی اوپر کی منزل میں سوار تھے، حادثے میں 15 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ 4 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے، زخمی ہونے والے افراد کے حوالے سے اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 10 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جب کہ دیگر افراد کو بھی شدید نوعیت کے زخم آئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعے کے حوالے سے عینی شاہدین کا بتانا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، بس بے قابو ہوکر پھسل گئی اور سڑک کنارے نصب بجلی کے کھمبے سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی اور کھمبا بس کی دوسری منزل میں گھس گیا، پولیس کے مطابق غفلت برتنے پر بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس پر غیرذمہ دارانہ طریقے سے ڈرائیونگ کرنے اور مسافروں کی ہلاکت کا سبب بننے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔