خبرنامہ انٹرنیشنل

ہلیری کلنٹن بد عنوان اورمجرم ہیں ڈونلڈ ٹرمپ کی تنقید جاری

واشنگٹن:(اے پی پی) امریکی صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حریف امیدوار اور سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن پر شدید تنقید کرتے ہوئے انھیں بدعنوان اور مجرم قرار دیا ہے۔ نیویارک میں ایک تقریب کے دوران ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کو دہشت گردوں سے محفوظ رکھنا ان کی اولین ترجیح ہے، ٹرمپ نے صدر باراک اوباما اور ہلیری کلنٹن پر بھی شدید تنقید کی، ٹرمپ کے مطابق کلنٹن کی غلط خارجہ پالیسی اسلامک اسٹیٹ کے پنپنے کی وجہ بنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہلیری کلنٹن بدعنوان اور مجرم ہیں اور ایسا شخص امریکا کا صدر نہیں بن سکتا۔ رواں برس نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کے امیدواروں کی جانب سے مخالفین کو سخت تنقید کا نشانہ بنانے کا سلسلہ کئی ماہ سے جاری ہے۔ ہلیری کلنٹن بھی متعدد بار اپنے بیانات میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ہدف تنقید بنا چکی ہیں۔