خبرنامہ انٹرنیشنل

ہلیری کلنٹن کی جانب سےالقاعدہ اورداعش کواسلحہ فراہم کئےجانےکا انکشاف

سویڈن:(اے پی پی) دنیا بھرکی اہم شخصیات کی خفیہ دستاویزات منظرعام پر لانے والی وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کا کہنا ہے کہ امریکی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کی ای میلز سے واضح ہوتا ہے کہ انھوں نے شام میں داعش اور القاعدہ کو اسلحہ فروخت کیا۔ وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ سابق امریکی وزیرخارجہ کی 1700 ایسی ای میلز موجود ہیں جن سے واضح طورپریہ ثابت ہوتا ہے کہ امریکی صدارتی امیدوار نے داعش اورالقاعدہ کو بڑی تعداد میں اسلحہ فراہم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدربراک اوباما کے دوسرے دوراقتدارمیں ہلیری کلنٹن نے لیبیا کے سابق سربراہ معمر قذافی کی حکومت کا تختہ الٹنے کے لئے قطر کو امریکی ساختہ اسلحہ فراہم کیا، بعدازاں یہی اسلحہ شام میں بشار الاسد کی حکومت گرانے کے لئے القاعدہ اور داعش کو فراہم کیا گیا۔ ہلیری کلنٹن نے شام کی حکومت میں حکومت کی تبدیلی کے لئے نام نہاد ’’فرینڈز آف سیریا‘‘ کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔دوسری جانب ہلیری کلنٹن واضح طور پر کہہ چکی ہیں کہ 2013 کے آغاز میں لیبیا کو اسلحے کی فراہمی کے حوالے سے انھیں کچھ علم نہیں۔ وکی لیکس نے رواں برس مارچ میں ہلیری کلنٹن کی بطور وزیر خارجہ 3 ہزار ای میلز شائع کی تھیں، 50 ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل یہ ای میلز جون 2010 سے اگست 2014 کے درمیان بھیجی یا وصول کی گئیں جن میں سے 7 ہزار 500 دستاویزات ہلیری کلنٹن کی جانب سے بھیجی گئیں۔