خبرنامہ انٹرنیشنل

ہمارے لاپتہ ہونے والے 74دفاعی اہلکار پاکستان کی تحویل میں ہیں: بھارت کا الزام

نئی دہلی (ملت + آئی این پی) بھارت نے الزام عائد کیا ہے کہ اسکے لاپتہ ہونے والے 74دفاعی اہلکار پاکستان کی تحویل میں ہیں۔جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر مملکت برائے خارجہ امور وی کے سنگھ نے راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب میں بتایا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ ہمارے لاپتہ ہونے والے 74دفاعی اہلکار پاکستان کی تحویل میں ہیں لیکن انکی موجودگی کے حوالے سے پڑوسی ملک کی جانب سے اب تک تسلیم نہیں کیا گیا ۔ وی کے سنگھ کا کہنا تھا کہ حکومت نے اعلی سطح سمیت دیگر فورم پر پاکستانی حکام کے ساتھ اس مسئلے کو اٹھایا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ ایم ڈی پی کی ایک کمیٹی نے 2007میں پاکستانی جیلوں کا دورہ کیا تھا لیکن ان لاپتہ افراد کی وہاں موجودگی کے شواہد نہیں مل سکے تاہم اسکے باوجود حکومت پڑوسی ملک سے اس معاملے کو اٹھاتی رہی ہے ۔انکا کہنا تھاکہ پاکستانی جیلوں میں 208بھارتی موجود ہیں جن میں 61سول قیدی اور 147ماہی گیر ہیں۔