خبرنامہ انٹرنیشنل

ہمارے 17 فوجی مارے گئے: بھارتی میڈیا

نئی دہلی (ملت + آئی این پی) بھارتی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوج کی جوابی کاروائی کے نتیجے میں 17بھارتی فوجی مارے جاچکے ہیں۔بھارتی اخبار ’’انڈیا ٹوڈے ‘‘ کے مطابق 29ستمبر کے بعد سے ابتک لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوج کی جوابی کاروائی کے نتیجے میں 17بھارتی فوجی مارے جاچکے ہیں۔رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے چند ہفتوں کے ددران لائن آف کنٹرول اور انٹرنیشنل بارڈر پر 100سے زائد مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزیاں کی جاچکی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارت کی جانب سے تین فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی ۔بھارتی میڈیا کے مطابق لائن آف کنٹرول کے قریب مچال سیکٹر میں فوجی قافلہ گشت پر تھا کہ مسلح افراد نے اچانک حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 3 فوجی ہلاک ہوگئے جب کہ حملہ آور جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔بھارتی فوج کی شمالی کمانڈ کے ترجمان نے ٹوئٹر پر فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نامعلوم افراد کے حملے میں 3 فوجی ہلاک ہوگئے جن میں سے ایک فوجی کی لاش مسخ شدہ ہے۔