خبرنامہ انٹرنیشنل

ہمیشہ کی طرح شامی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، سعودی وزیر خارجہ

ہمیشہ کی طرح شامی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، سعودی وزیر خارجہ
ریاض:(ملت آن لائن) سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب ہمیشہ کی طرح شامی عوام کے ساتھ کھڑا ہے تا کہ ایک منصفانہ حل تک پہنچنے کے حوالے سے اس کی امیدیں پوری ہو سکیں۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق عادل الجبیر نے یہ بات گزشتہ روز ریاض میں شامی اپوزیشن کی کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں کہی۔ کانفرنس میں شامی وفود کے علاوہ اقوام متحدہ کے شام کے لیے خصوصی ایلچی سٹافن ڈی مستورا بھی شرکت کی۔سعودی وزیر خارجہ نے باور کرایا کہ شام کے بحران کے لئے مفاہمت کے ساتھ ایک ایسا حل نا گزیر ہے جو شامی عوام کی امیدوں کو یقینی بنائے اور جنیوا 1 اعلامیہ اور سلامتی کونسل کی قرارداد 2254 کی بنیاد پر شامیوں کے مصائب اور مسائل کا خاتمہ کرے۔اس موقع پر شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی سٹافن ڈی مستورا نے کہا کہ شام کے مستقبل کو سامنے رکھنا نا گزیر ہے۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق شام کے بحران کا سیاسی حل تلاش کرنے کے سوا اور کوئی چارہ کار نہیں۔ڈی مستورا کے مطابق آئندہ چند روز میں ہم شام میں سیاسی عمل کے لیے ایک فریم ورک وضع کر دیں گے۔