خبرنامہ انٹرنیشنل

ہم جنس پرستوں کے حقوق کارکن کے قتل کے ذمہ داروں کا پتا لگایا جائے،جان کیری کا بنگلہ دیش سے مطالبہ

واشنگٹن :(اے پی پی) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بنگلہ دیش پر زور دیا ہے کہ ہم جنس پرستوں کے حقوق کے سرگرم کارکن کے قتل کے ذمہ داروں کا پتا لگا کر اْنھیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ قتل ہونے والے ایک کارکن کا تعلق امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) سے تھا۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جان کیری نے بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ سے ’یوایس ایڈ‘ کے کارکن، ذولحج منان اور اْن کے دوست، تانے مجمدار، جو ایک اداکار تھے، کی ہلاکت کے بارے میں گفتگو کی۔جان کیری نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے معاملے پر دونوں ملکوں کے مابین تعاون کی کوششوں کو تقویت دینے کے لیے، جلد ایک اعلیٰ امریکی سفارت کار بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے۔وزیر اعظم کے پریس سکریٹری، احسان الکریم نے بتایا ہیکہ شیخ حسینہ نے جان کیری کو یقین دلایا کہ اِس معاملے پر اْن کی حکومت مکمل تعاون کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے بارے میں ہمارا مؤقف دو ٹوک ہے، ہم اسے ناقابل برداشت معاملہ سمجھتے ہیں اور ہماری پالیسی شدت پسندی کے خلاف واضح ہے۔ قانون کا نفاذ کرنے والے ادارے اس معاملے پرکام کر رہے ہیں۔