خبرنامہ انٹرنیشنل

ہندوانتہاپسند تنظیم نے فلم پروڈیوسرز کو بھی زیر اثر کر لیا: راج ٹھاکرے

ممبئی(ملت + آئی این پی )بھارت کی ہندوانتہاپسند تنظیم مہاراشٹر نیونرمان سینانے فلم پروڈیوسرز کو بھی زیر اثر کر لیا اورانہیں پاکستانی اداکاروں کو کاسٹ کرنے سے روک دیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو انتہا پسند تنظیم مہاراشٹر نیونرمان سیناکے سربراہ راج ٹھاکرے نے بھارتی پروڈیوسرز کو بھاری جرمانوں سے ڈراتے ہوئے خبردار کر دیا ہے کہ وہ اپنی فلموں میں پاکستانی اداکاروں کو کاسٹ نہ کریں ۔فلم پروڈیوسرز اور مہاراشٹر کے وزیر اعلی سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے راج ٹھاکرے نے کہا کہ جس بھارتی پروڈیوسر کی فلم میں پاکستانی اداکارنے کام کیا اسے 5کروڑ روپے دینے ہونگے۔راج ٹھاکرے نے کہا کہ بھارتی پروڈیوسر ز کی جانب سے آئندہ پاکستانی اداکاروں کو کاسٹ نہ کرنے کی یقین دہانی پر فواد خان کی فلم اے دل ہے مشکل کو شیڈول کے مطابق ریلیز کی اجازت بھی دیدی گئی ہے اور اب اس کی ریلیز میں ہماری طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔راج ٹھاکرے کا کہنا تھا کہ بھارتی فلم پروڈیوسرز کو پانچ کروڑ روپے فوج کے ریلیف فنڈ میں دینے ہونگے ۔ ہمار ے مطالبات فلم پروڈیوسرز نے قبو ل کر لیے جو ہماری تحریک کی جیت ہے ۔انتہا پسند تنظیم کے سربراہ نے کہا کہ بھارتی پروڈیوسرز کو لکھ کر دینا ہوگا کہ وہ پاکستانی اداکاروں کو نہیں لیں گے تاہم بھارتی فوج کو فلم اے دل ہے مشکل کے آغاز پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا ۔