خبرنامہ انٹرنیشنل

ہندوانتہا پسند تنظیم نےعبدالباسط کوافطارکیلئےمدعوکرلیا

نئی دہلی(آئی این پی) ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے بھارت میں تعینات پاکستانی سفیرعبدالباسط کو اگلے ہفتے افطار کے لیے مدعو کرلیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق آر ایس ایس سے وابستہ ایک ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی سفیر کے لیے 2 جولائی کو مسلم راشٹریہ منچ (مسلم نیشنل فورم) کی جانب سے نئی دہلی میں افطار کا انتظام کیا جائے گا۔رپورٹس میں دعوی کیا گیا کہ اس کا مقصد تنظیم پر مسلمان مخالف ہونے کے تاثر کو زائل کرنا ہے۔واضح رہے کہ آر ایس ایس سے وابستہ افراد پر ہندوستانی ایجنسیز کی جانب سے سمجھوتہ ایکسپریس اور دیگر دھماکوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔آر ایس ایس رہنما اور مسلم راشٹریہ منچ کے سربراہ اندریش کمار کے مطابق، ‘اس عمل کا مقصد دنیا کو یہ بتانا ہے کہ بھارت میں تمام کمیونٹیز کے لوگ امن و آشتی کے ساتھ رہتے ہیں اور ہندوستان مسلم دنیا کے لیے امن اور امید کی روشنی ہے۔مسلم راشٹریہ منچ نے اپنے اراکین پر زور دیا کہ وہ بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے کے لیے چھوٹی چھوٹی افطار پارٹیز کا اہتمام کریں اور تمام کمیونٹیز کے لوگوں کو اس میں مدعو کریں۔آر ایس ایس کی کوششوں سے مسلم راشٹریہ منچ کا قیام 2002 میں عمل میں آیا تھا، جس کا مقصد ہندوں اورمسلمانوں کو قریب لانا تھا۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے رواں ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے میں سب سے بڑی رکاوٹ آر ایس ایس، ابھی ناو بھارت اور شیو سینا جیسی ہندو انتہا پسند تنظیمیں اور ان کے ہندوستانی حکومت سے تعلقات اور اس پر اثر و رسوخ ہے۔