خبرنامہ انٹرنیشنل

ہیلری کلنٹن شیطان ہے، اس سےنمٹ لیں گے :ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: (اے پی پی) ڈونلڈ ٹرمپ سیاسی مخالفت میں ہر حد پار کر گیا ، ٹرمپ نے ہیلری کلنٹن کو شیطان قرار دے دیا ۔ ادھر کاروباری شخصیت وارن بفے نے ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیکس ریکارڈ جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔ ری پبلکن کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر نفرت پھیلانے پر اتر آئے ۔ پنسلوینیا میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈیمو کریٹ کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن ایک شیطان ہے مگر وہ اس سے نمٹ لیں گے ۔ اس سے پہلے ریپبلکن پارٹی کے سینیٹر جان مکین سمیت متعدد ارکان نے ٹرمپ کے ایک پاکستانی نژاد مسلمان فوجی کے والدین کے بارے میں بیان کی مذمت کی ہے ۔ ادھر نیبراسکا میں ہیلری کلنٹن کی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے معروف کاروباری شخصیت وارن بفے نے ٹرمپ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی آمدنی کا ٹیکس ریکارڈ عوام کے سامنے پیش کر دیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ریونیو سروس کی جانب سے آڈٹ کیے بغیر وہ کبھی بھی اپنا ٹیکس ریکارڈ منظر عام پر نہیں لائیں گے ۔ ٹرمپ اور ہیلری کلنٹن نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ایک دوسرے کے مقابل ہوں گے ۔