خبرنامہ انٹرنیشنل

ہیلری کے ٹرمپ کو شکست دینے کے80 فی صد سے زیادہ امکانات ہیں، تجزیہ نگار

واشنگٹن:(اے پی پی) امریکی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ سابق امریکی وزیر خارجہ اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کے ری پبلکن پارٹی کے حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دینے کا80 فی صد سے زیادہ امکان ہے۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ سخت مقابلے والی ریاستوں میں ہیلری کلنٹن کو پہلے ہی 538 پر مشتمل ’الیکٹورل کالج‘ کی 270 کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے، جن کی مدد سے وہ ملک کی پینتالیسویں صدر اور پہلی خاتون کمانڈر اِن چیف بن سکتی ہیں۔نیویارک ٹائمز کی ’’538‘‘ ویب سائٹ کی الیکشن پیشگوئی، پرنسٹن الیکشن کنسورشئم‘ اور ’پرڈکٹ وائز‘ نے کہا ہے کہ ہیلری کلنٹن کی جیت کا 80 فی صد امکان ہے جب کہ سیاسی تجزیہ کار چارلی کوک، لیری سباتو اور اسٹوئرٹ روتھن برگ اور نتھن گونزالیز نے کہاہے کہ الیکشن کا پلڑاہیلری کی طرف بھاری ہے ۔رائے عامہ کے جائزوں سے پتا چلتا ہے کہ امریکی عوام دونوں امیدواروں کو منفی نگاہ سے دیکھتی ہے تاہم ہیلری کلنٹن کے مقابلے میں وہ ٹرمپ کو زیادہ منفی خیال کرتے ہیں۔واضح رہے کہ ستمبر اور اکتوبر میں ہیلری کلنٹن اورڈونلڈ ٹرمپ کے مابین تین مباحثے ہونے والے ہیں جن سے کسی بھی امیدوار کی قسمت بدل سکتی ہے۔