خبرنامہ انٹرنیشنل

چین کی سرحد کے قریب بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر لاپتہ

نئی دہلی(ملت آن لائن)چین کی سرحد کے قریب بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا جس میں تین افراد سوار تھے جب کہ یہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو مشن کے لیے روانہ ہوا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی دفاعی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بھارتی ایئر فورس کے ہیلی کاپٹر نے شام 4 بجے کے قریب آسام میں واقع تیزپور ایئربیس سے اڑان بھری تھی جب کہ ریاست اروناچل پردیش میں اس کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوا۔ انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اروناچل پردیش میں موسم کی خرابی کی وجہ سے ممکن ہے کہ خرابی پیدا ہوگئی ہو۔

بھارت کے جونیئر ہوم منسٹر کرن ریجیجو نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ بھارتی ایئرفورس کے ایڈوانس لائٹ ہیلی کاپٹر کو تلاش کرنے کے لیے کوششیں جارہی ہیں جو کہ ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان لے کر جاتے ہوئے لاپتہ ہوگیا۔

خیال رہے کہ چینی سرحد کے قریب بھارتی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کے لاپتہ ہونے کا واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سرحد پر چین اور بھارتی فوجیوں کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے اور تصادم کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔