خبرنامہ انٹرنیشنل

یزائلوں کی رینج 2 ہزار کلو میٹر سے بھی زیادہ کردیں گے، ایران کی دھمکی

یزائلوں کی رینج 2 ہزار کلو میٹر سے بھی زیادہ کردیں گے، ایران کی دھمکی
تہران:(ملت آن لائن) ایران نے خبردار کیاہے کہ یورپ سے خطرہ ہوا تو میزائلوں کی رینج بڑھادیں گے۔ ایران کے پاسداران انقلاب کے نائب سربراہ بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے یورپ کو متنبہ کیاہے کہ اگر وہ تہران کیلیے خطرہ بنا تو وہ اپنے میزائلوں کی رینج 2 ہزار کلومیٹر سے بھی زیادہ کر دے گا۔ فرانس نے تہران کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق ایران کے ساتھ سمجھوتے کے بغیر مذاکرات اور 2015 کے عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے معاہدے سے ہٹ کر دیگر معاملات پر بات چیت پر زور دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایران تواتر سے کہتا آ رہا ہے کہ اس کا میزائل پروگرام دفاعی نوعیت کا ہے اور اس پر کوئی بات نہیں ہو گی۔
بریگیڈیئر جنرل کا کہنا ہے کہ اگر ہم نے اپنے میزائلوں کی رینج 2 ہزار کلومیٹر تک رکھی ہوئی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہمارے پاس ٹیکنالوجی نہیں ہے۔ ہم اسٹرٹیجک نظریے کی پاسداری کر رہے ہیں۔پاسداران انقلاب کے نائب سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تک ہم نے محسوس کیا ہے کہ یورپ ہمارے لیے خطرہ نہیں، لہٰذا ہم نے اپنے میزائلوں کی حد کو نہیں بڑھایا۔ لیکن اگر یورپ خطرے میں تبدیل ہونا چاہتا ہے تو ہم اپنے میزائلوں کی رینج بڑھا دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا نے رواں ماہ ہی ایران پر الزام عائد کیا تھا کہ یمن کے حوثی باغیوں نے جو میزائل جولائی میں سعودی عرب کی طرف داغا تھا وہ تہران نے انھیں فراہم کیا تھا۔ امریکا نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ایران کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 2 قراردادوں کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دے۔ ایران حوثی باغیوں کو میزائل اور ہتھیاروں کی فراہمی کے الزامات کو مسترد کرتا آیا ہے۔
پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل محمد علی جعفری نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ ایران کے 2ہزار کلومیٹر کی رینج رکھنے والے میزائل خطے میں امریکی مفادات اور فورسز کا احاطہ کرتے ہیں اور ایران اس رینج کو بڑھانے کا ارادہ نہیں رکھتا۔
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر جنرل سلامی نے کہا کہ یورپی ممالک کو ایران کے میزائل سسٹم کے بارے میں بات سے پرہیز کرنا چاہیے۔