خبرنامہ انٹرنیشنل

یمن، 200 حوثی جنگجو اور ان کے وفادار سرکاری فوج میں شامل

یمن، 200 حوثی جنگجو

یمن، 200 حوثی جنگجو اور ان کے وفادار سرکاری فوج میں شامل

صنعاء (ملت آن لائن)یمن کی شمالی گورنری الجوف میں قریباً 200 حوثی جنگجو اور ان کے وفادار سرکاری فوج میں شامل ہو گئے ہیں۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق یمن کی سرکاری فوج کے بریگیڈ 101 کے سربراہ بریگیڈیئر علی محسن الھدی نے کہا ہے کہ الجوف کی مقامی قبائلی قیادت، مشایخ اور سرکردہ شخصیات کے صلاح مشورے سے باغیوں کو مزاحمتی ملیشیا میں شامل کیا جا رہا ہے۔بریگیڈیئر الھدی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بناء پربہت سے قبائلی رہ نماؤں اور شخصیات نے حکومت میں شمولیت کا اعلان نہیں کیا ہے۔ بہت سی موثر شخصیات جو حکومت میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں جلد ہی اس کا اعلان کرنے والی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ الجوف میں گذشتہ چند ایام کے دوران باغیوں کی حمایت کرنے والے درجنوں افراد حکومت کی صفوں میں شامل ہوئے ہیں۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب الجوف میں سرکاری فوج باغیوں کے خلاف تیزی سے پیش قدمی کررہی ہے۔بریگیڈیئر الھدی نے کہا کہ حکومت میں شامل ہونے والے جنگجوؤں کے لیے خصوصی کیمپ قائم کیے گئے جہاں انہیں فوج میں شامل کرنے کے لیے تیار کیا جائے گا اور انہیں ضروری تربیت فراہم کی جائے گی۔خیال رہے کہ یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جاری آئینی حکومت کی کارروائی میں غیرمعمولی پیش رفت ہو رہی ہے۔ یمن کی سرزمین تیزی کے ساتھ حوثی باغیوں کے پاؤں تلے سے نکل رہی ہے۔ حالات کو دیکھتے ہوئے حوثیوں کی طرف داری کرنے والے بھی انہیں چھوڑ کر حکومت میں شامل ہو رہے ہیں۔