خبرنامہ انٹرنیشنل

یمنی باغیوں اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں اہم پیش رفت:عادل الجبیر

دبئی(آن لائن)یمن کے حوثی باغیوں اور آئینی حکومت کے نمائندوں کے درمیان سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والی بات چیت میں اہم پیش رفت کی اطلاعات ہیں۔ سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ یمنی باغیوں اور حکومت کے درمیان بات چیت جاری ہے اور مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔عرب خبررساں ادارے کے مطابق یمنی باغیوں اور حکومت کے درمیان بات چیت میں پیش رفت کی خبریں ایک ایسے وقت میں آئی ہیں جب دو روز پیشتر سعودی نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی کہا تھا کہ یمن کی جنگ اپنے اختتام کے قریب پہنچ گئی ہے۔ریاض میں اپنے نیوزی لینڈ کے ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک کویت میں یمنی باغیوں اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی مساعی کا خیر مقدم کرتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں عادل الجبیر نے ریاض میں یمن کے منحرف سابق صدر علی عبداللہ صالح کے نمائندوں کی موجودگی کی سختی سے تردید کی۔شاہ سلمان کے آئندہ جمعرات کو دورہ مصر کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب وزیرخارجہ الجبیر کا کہنا تھا کہ مصر اور سعودی عرب دو برادر ملک ہی نہیں بلکہ دونوں کی تاریخی دوستی بھی مثالی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی، سیاستی اور سکیورٹی کے شعبوں سمیت تمام دیگر شعبوں میں بھرپور تعاون جاری و ساری ہے۔ مشرق وسطیٰ میں دیر پا امن وامان کے قیام میں دونوں ملکوں کے موقف میں ہم آہنگی ہے۔ قاہرہ اور ریاض مل کر مشرق وسطیٰ کے مسائل کیحل کے لیے کوشاں ہیں۔#/s#