خبرنامہ انٹرنیشنل

یمنی فوج نے6000 باردوی سرنگیں تلف کر دیں

یمنی فوج نے6000 باردوی سرنگیں تلف کر دیں
صنعاء(ملت آن لائن) یمنی فوج نے یمن کے شمالی علاقے الجوف میں بچھائی گئی 6000 باردوی سرنگیں تلف کردیں، یمنی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ملک کے شمالی علاقے الجوف میں الیتمہ کے محاذ پر حوثی باغیوں کی طرف سے بچھائی گئی چھ ہزار باردوی سرنگیں تلف کردی ہیں۔ یمنی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ الیتمہ کو باغیوں سے چھڑانے کے بعد علاقے میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں ختم کرنے کا آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ فوج کے انجینئرنگ اسکواڈ نے دن رات کی محنت سے اب تک چھ ہزار سے زائد باردوی سرنگیں تلف کردی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ الیتمہ اور دیگر مقامات پر بچھائی گئی بارودی سرنگوں کے خاتمے کا سلسلہ جاری ہے۔ الیتمہ کے علاوہ خب اور شمالی الجوف میں الشعف کے مقامات پر بھی باغیوں نے بڑی تعداد میں بارودی سرنگیں بچھا رکھی تھیں۔ یمن کی مسلح افواج کے میڈیا سینٹر نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ گذشتہ چند روز کے دوران الیتمہ کے علاقے سے 5800 بارودی سرنگیں تباہ کی گئی ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ یمن میں شکست خوردہ حوثی باغیوں نے اپنا تعاقب روکنے کیلئے زیرقبضہ علاقوں کے اطراف میں گھروں اور کھیتوں میں اندھا دھند بارودی سرنگیں بچھانا شروع کر رکھی ہیں۔ حوثیوں کی بچھائی بارودی سرنگیں مقامی شہریوں کیلئے جان لیوا ثابت ہو رہی ہیں۔ باغیوں سے چھڑائے گئے علاقوں میں بارودی سرنگوں کے دھماکوں کے نتیجے میں 815 شہری جاں بحق اور 942 زخمی ہوچکے ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔