خبرنامہ انٹرنیشنل

یمن تنازعہ پر نمایاں پیشرفت ہوئی، جلد حل پر اتفاق کرلیا جائیگا: شہزادہ سلمان

ریاض(آن لائن)سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ یمن میں جاری تنازعے کے متحارب فریقوں کے درمیان بات چیت میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور بہت جلد اس کے حل پر اتفاق کر لیا جائے گا۔انھوں نے بلومبرگ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے،ہمارے حوثیوں کے ساتھ اچھے روابط استوار ہوئے ہیں۔ ان کا ایک وفد اس وقت الریاض میں ہے۔شہزادہ محمد کا کہنا تھا کہ ہم اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے معاملے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں لیکن اگر چیزیں گڑ بڑ ہوتی ہیں تو ہم اس کے لیے بھی تیار ہیں۔انھوں نے بلومبرگ کے ساتھ ایک انٹرویو میں سعودی عرب کی معیشت کا تیل پر انحصار کم کرنے کے لیے دو کھرب ڈالرز کے ایک منصوبے کا اعلان کیا ۔یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد مارچ 2015ء سے ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں اور ان کے اتحادی سابق صدر علی عبداللہ صالح کے حامیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کررہا ہے۔عرب اتحاد نے یہ کارروائی یمن کے صدرعبد ربہ منصور ہادی کی حکومت کی درخواست پر اور اس کی جائز حکمرانی کی بحالی کے لیے شروع کی تھی۔اس فوجی مداخلت کی بدولت یمنی فوج نے گذشتہ مہینوں کے دوران ملک کے جنوبی ،وسطی اور جنوب مشرقی شہروں اور صوبوں سے حوثی باغیوں کو نکال باہر کیا ہے اوروہ ان کا پیچھا کرتے ہوئے دارالحکومت صنعا کے دروازوں تک جا پہنچے ہیں۔اس دوران اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن اسماعیل ولد شیخ احمد کی ثالثی میں تنازعے کے حل کے لیے یمنی فریقوں کے درمیان مذاکرات بھی جاری ہیں۔#/s#