خبرنامہ انٹرنیشنل

یمن: مذاکرات میں پیش رفت ہورہی ہے:اقوام متحدہ

دوحہ:(اے پی پی) یمن کے لیے اقوام متحدہ کے ایلچی اسماعیل ولد شیخ احمد نے کہا ہے کہ یمنی فریقوں کے درمیان امن مذاکرات میں پیش رفت ہورہی ہے اور ملک کے بیشتر علاقوں میں جنگ بندی پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔یہ بات انہوں نے قطری دارالحکومت دوحہ میں ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے کہا یمن میں جنگ بندی پر 80 سے 90 فی صد تک عمل درآمد کیا جارہا ہے۔البتہ بعض مقامات پر تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔انھوں نے بتایا کہ جنگ بندی کے نتیجے میں لڑائی سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچانے میں مدد ملی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کویت میں جاری امن مذاکرات کے دوران بیشتر متنازعہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور فریقین تنازعے کے حل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔دریں اثناء سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ یمنی حکومت کے وفد کو اقوام متحدہ کے ایلچی کی جانب سے ایک خط ملا ہے۔اس میں اس بات پر زوردیا گیا ہے کہ تنازعے کا حل قانون کی حاکمیت ،خلیجی ممالک کے اقدام اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2216 پر مبنی ہوگا۔