خبرنامہ انٹرنیشنل

یمن میں القاعدہ کے حملے میں 7 اہلکار ہلاک، متعدد شدت پسند بھی مارے گئے

یمن میں القاعدہ کے حملے میں 7 اہلکار ہلاک، متعدد شدت پسند بھی مارے گئے

صنعاء / دبئی:(ملت آن لائن) یمن کے المکلا شہر میں شدت پسند گروپ القاعدہ کی کارروائی میں یمنی ایلیٹ فورس کے 9 اہلکار ہلاک 3 زخمی ہوگئے۔ مصر کے عسکری ذرائع نے بتایا کہ القاعدہ جنگجوؤں نے وادی حجر میں العقیق کے مقام پرایلیٹ فورس پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 9اہلکار ہلاک اور 3زخمی ہوگئے۔ جوابی کارروائی میں متعدد شدت پسند بھی مارے گئے ہیں تاہم ہلاک اور زخمی ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد کاتعین نہیں کیا جاسکا۔ حضر موت میں ابن سینا اسپتال میں ایلیٹ فورس کے 9اہلکاروں کی لاشیںاور 3زخمی بھی لائے گئے۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ 7 فوجیوں کو ذبح کیا گیا اور ان کی سربریدہ لاشیں اسپتال لائی گئی ہیں۔
دریں اثنا متحدہ عرب امارات نے یمن کے انسانی بحالی منصوبے کے لیے 50کروڑ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ رقم اقوام متحدہ کی جنگ زدہ ملک میں انسانی امدادی سرگرمیوں کے لیے منصوبے کا حصہ ہے۔
………………………………………….
اس خبر کو بھی پڑھیے…وینزویلا میں تھانے سے فرار کیلئے لگائی گئی آگ سے 68 قیدی ہلاک

وینزویلا:(ملت آن لائن) وینزویلا کے ایک پولیس اسٹیشن میں لگنے والی آگ سے 68 قیدی جل کر خاکستر ہوگئے۔ وینزویلا کے شہر ویلینشیا کے ایک مقامی تھانے سے فرار ہونے کےلیے کچھ قیدیوں نے وہاں بچھائے گئے گدوں کو آگ لگادی تاکہ دھوئیں اور ایمرجنسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جیل سے فرار ہونے میں آسانی رہے۔ تاہم پولیس نے قیدیوں کو منشتر کرنے کےلیے شیلنگ کی جس کے نتیجے میں آگ مزید بھڑک اُٹھی اور 68 قیدی ہلاک ہوگئے۔

وینزویلا میں جیلوں کی صورتِ حال پر نظر رکھنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس اسٹیشن میں موجود ایک قیدی نے فائر کرکے ایک پولیس افسر کی ٹانگ زخمی کردی جس کے فوراً بعد دوسرے قیدیوں نے لاک اپ میں بچھائے گئے گدوں کو آگ لگادی جو بڑی تیزی سے پھیل گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی قیدیوں کے لواحقین کی بڑی تعداد پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہوگئی۔ مظاہرین نے پولیس کے خلاف نعرے بازی کی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ تھانے میں حفاظتی اقدام نہ ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔ اگر بروقت امدادی کاموں کا آغاز کیا جاتا تو اتنے بڑے پیمانے پر جانی نقصان نہیں ہوتا۔

پولیس افسر جیسس سینٹینڈر نے بین الااقوامی میڈیا کو بتایا کہ ان قیدیوں کی اکثریت دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہوئی جب کہ مظاہرین سے جھڑپ کے دوران ایک پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم تھانے میں آگ لگنے اور مظاہرین کے پُرتشدد ہنگامے کی تحقیقات کررہے ہیں جس کے بعد غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔