خبرنامہ انٹرنیشنل

یمن میں انسانی بنیادوں پر امدادی آپریشن بلا تفریق جاری رہے گا، عرب اتحاد

یمن میں انسانی بنیادوں پر امدادی آپریشن بلا تفریق جاری رہے گا، عرب اتحاد

صنعاء(ملت آن لائن) یمن میں آئینی حکومت کی عمل داری اور آئین کی بالادستی کے لیے سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب فوجی اتحاد نے باور کرایا ہے کہ جنگ زدہ یمن میں انسانی بنیادوں پر امدادی آپریشن بلا تفریق جاری رہے گا۔ عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ یمن میں انسانی بنیادوں پر امدادی کام بلا تفریق جاری رہیں گی۔ انہوں نے جنوبی یمن کے شہر عدن میں جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا اور علاقے کے سیاسی، سماجی اور مذہبی دھاروں پر تحمل سے کام لینے اور آئینی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ہماری جنگ باغی ملیشیا کیخلاف ہونی چاہیے اور اسے جاری رکھا جائے گا۔ریاض میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں عرب اتحاد کے ترجمان نے بتایا کہ یمن میں امدادی آپریشنز کو فعال بنانے کے لیے الخضراء گزرگاہ کو کھول دیا گیا ہے۔ عرب اتحاد یمن میں امدادی کاموں میں حصہ لینے والے عالمی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ عرب اتحاد نے بتایا کہ جنگ میں جھونکے گئے 27 بچے یمنی باغیوں کے قبضے سے چھڑا کر آئینی حکومت کے حوالے کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عرب اتحادی فوج یمن میں ایران اور حوثیوں کی بچھائی گئی بارودی سرنگوں کی صفائی کا کام جاری رکھے گا۔کرنل المالکی نے کہا کہ یمنی فوج اور اس کی وفادار ملیشیا البقع کی مغربی سمت میں البیضاء اور دیگر مقامات پر تیزی کے ساتھ پیش قدمی کررہی ہے۔ الحدیدہ بندرگاہ میں حوثیوں کی بارودی سے بھری کشتیوں کو بھی تباہ کیا گیا ہے۔ آپریشن کے دوران باغیوں کو بیرون ملک سے فراہم کردہ اسلحہ اور گولہ بارود کی بھاری مقدار بھی قبضے میں لی گئی ہے۔