نیویارک۔ (اے پی پی) یمن میں تمام فریقین 18 اپریل سے جنگ بندی پر آمادہ ہو گئے اور اس ضمن میں اقوام متحدہ کے تحت 18اپریل کو فریقین کے درمیان کویت میں مذکرات ہوں گے۔ یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب اسماعیل اولد شیخ احمد نے نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کا آغاز 10اپریل کی نصف شب سے ہوگا جب کہ فریقین کے درمیان براہِ راست بات چیت 18اپریل سے کویت میں شروع ہوگی۔ اسماعیل اولد شیخ کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا مقصد یمن کے بحران کا پرامن حل نکالنا ہے جس کے تحت ایک ایسے سیاسی عمل کی بحالی کو یقینی بنانا ہے جس میں تمام فریقین کی نمائندگی ہو۔ اقوام متحدہ کے مطابق یمن میں گزشتہ ایک سال سے جاری اتحادی طیاروں کے فضائی حملوں اور جھڑپوں میں اب تک 6 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔