خبرنامہ انٹرنیشنل

یمن میں حکومتی اورعرب اتحادی فوج کے فضائی حملوں اورجھڑپوں میں 52 باغی ہلاک

صنعاء(آئی این پی )یمن میں حکومتی فورسز کے حملوں اور عرب اتحادی فوج کے جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 52 جنگجو ہلاک اوردرجنوں زخمی ہوگئے ،ہلاک ہونے والوں میں حوثی باغی، منحرف سابق صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار ملیشیا کے عناصر اور 2 ایرانی بھی شامل ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق الجوف شہر میں مزاحمتی فورسز کے ترجمان عبداللہ الاشرف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ الغیل ڈاریکٹوریٹ کے الساقیہ کے علاقے پر اتحادی طیاروں نے باغیوں کے ایک قافلے کو بمباری سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد جنگجو ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔الجوف میں اتحادی طیاروں کے دوسرے حملے میں 35 حوثی باغی ہلاک ہوئے ہیں۔ مقتولین میں ری پبلیکن گارڈز کے ایک افسر اور دو ایرانی اسلحہ ساز بھی شامل ہیں۔جنوب مغربی یمن کے تعز ہر میں حکومتی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں بدھ کے روز 12 حوثی باغی اور علی صالح ملیشیا کے اہلکار ہلاک ہوئے۔مغربی تعز میں الوزاعیہ، الشقوق اور جبل الصیبارہ کے مقامات پر اتحادی طیاروں کی بمباری اور مزاحمتی فورسز کے حملوں میں بھی باغیوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے۔ ان مقامات پر باغیوں کے ساتھ گھمسان کی لڑائی کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق عرب اتحادی طیاروں نے الحدیدہ اور تعز کو ملانے والی شاہراہ پر باغیوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا جب کہ ایک میزائل حملہ مقبنہ ڈاریکٹوریٹ کی عمارت پر بھی کیا گیا جس کے نتیجے میں باغیوں کے زیراستعمال اسلحہ اور گولہ بارود تباہ ہوگیا۔ادھر جنوب مشرقی یمن کی شبو گورنری میں مزاحمتی کارکنوں کے حملوں میں پانچ حوثی باغیوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔ السلیم کے علاقے بیحان میں حکومت نواز ملیشیا اور باغیوں کے درمیان جھڑپوں میں متعدد جنگجو مارے گئے۔ ذرائع کے مطابق شبو میں حکومتی فورسز نے مآرب اور الجوف کے درمیان الصفرا کے مقام پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد باغیوں کی سپلائی لائن کاٹ دی ہے۔