خبرنامہ انٹرنیشنل

یمن میں دو باغی رہنماؤں سمیت 60 شدت پسند ہلاک

یمن میں دو باغی رہنماؤں سمیت 60 شدت پسند ہلاک
صنعاء: (ملت آن لائن) یمن میں مختلف مقامات پر سرکاری فوج کے آپریشن اور عرب اتحادی فوج کی بمباری کے نتیجے میں ایران نواز حوثی باغیوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا ہے۔عرب ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحادی فوج کے جنگی طیاروں نے یمن کی الحجہ گورنری کے الفتح ڈائریکٹوریٹ میں حضن کے مقام پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کم سے کم 50 جنگجو مارے گئے ہیں۔ادھر باغیوں کے زیرتسلط دارالحکومت صنعاء میں الدیلمی فوجی اڈے اور باغی ملیشیا کے دیگر کیمپوں پر بم باری کی گئی ہے جس میں17 اہم حوثی لیڈر ہلاک ہوگئے ہیں۔ہلاک ہونے والوں میں باغیوں کی انقلابی سیاسی کونسل کے چیئرمین صالح الصماد کا نام بھی بتایا جاتا ہے۔یمنی فوج کے زیرانتظام ’ستمبر نیٹ‘ ویب سائیٹ کے مطابق اتحادی طیاروں نے صنعاء میں باغیوں کے ایک مرکز پر اس وقت بمباری کی جب وہاں اہم اجلاس ہو رہا تھا۔ اجلاس میں حوثی باغیوں کی انقلابی کونسل کا چیئرمین صالح الصماد بھی موجود تھا۔ اطلاعات ہیں کہ الصماد سمیت ڈیڑھ درجن کے قریب اہم باغی لیڈر ہلاک ہوگئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ الصماد پیر کو الحدیدہ سے باغیوں کے وزیر دفاع میجر جنرل محمد العاطفی کے ہمراہ حجہ روانہ ہوا تھا۔ اس سے ایک روز قبل عرب اتحاد کی طرف سے چالیس حوثی باغیوں ایک فہرست جاری کی گئی تھی جنہیں اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی گرفتاری پر انعامات مقرر کیے گئے تھے۔ ان میں صالح الصماد کا نام بھی شامل تھا۔صالح الصماد کا شمار حوثی لیڈر عبدالملک الحوثی کے بعد دوسرے اہم ترین لیڈر میں ہوتا تھا۔یمن کی نیشنل آرمی کی ویب سائیٹ کے مطابق صالح الصماد کی ہلاکت یا زندہ بچ جانے کے بارے میں تا حال مصدقہ اطلاعات نہیں ہیں۔ تاہم وہ چند گھنٹے قبل اس جگہ پہنچا تھا جہاں اتحادی طیاروں کی جانب سے بم باری کی گئی ہے۔صعدہ گورنری سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز سرکاری فوج اور اتحادی طیاروں کی مختلف کارروائیوں میں دسیوں حوثی باغی ہلاک ہوگئے۔ ان میں اہم حوثی لیڈر عبدالولی احمد الحدا بھی شامل ہے۔مشرقی صنعاء میں بھی ایک حوثی لیڈر عدنان محمد زبارہ کو اس کے کئی ساتھیوں سمیت ہلاک کردیا گیا۔قبل ازیں یمن فوج کی طرف سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ نھم کے علاقے میں لڑائی کے دوران 11 حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔یمنی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں منگل کے روز مقتول باغیوں کی شناخت علی زید مہدی صالح قعشہ، نبیل حسین محمد الکبسی، عدنان محمد احمد زباری، احمد متوکل محمد الاسدی، محمد علی محمد ابو بتول، یاسر عبدہ الناھمی، محسن احمد سراج، وضاح حامد القرقری، ولید اید الحرازی اور محمد علی الخضرمی کے ناموں سے کی گئی ہے۔پچھلے چند روز کے دوران صنعاء کے فوجی اسپتال میں 80 باغیوں کی لاشیں لائی گئیں۔ اس کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں زخمیوں کو ہسپتالوں میں داخل کیا گیا۔