خبرنامہ انٹرنیشنل

یمن میں لڑائی؛اہم باغی رہنما سمیت 50 حوثی ہلاک

صنعا ء (آئی این پی )یمن کے مختلف علاقوں میں جاری لڑائی کے نتیجے میں اہم باغی رہنما سمیت 50 حوثی اور علی صالح کی حامی ملیشیا کے عناصر ہلاک ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عوامی مزاحمتی فورس کے ترجمان عبداللہ الشندقی نے بتایا کہ مشرقی صنعا کے نھم ڈاریکٹوریٹ میں حوثی اور علی صالح کے حامی گروپوں کے 22 جنگجوں سمیت 23 افراد ہلاک ہوگئے۔مزاحمتی کارکنوں نے نھم میں جاری لڑائی کے دوران کئی اہم مقامات پر اپنا کنٹرول حاصل کرتے ہوئے باغیوں کو وہاں سے نکال باہر کیا ہے۔ مقامی ذرائع کاکہنا ہے کہ نھم گورنری میں مزاحمتی کارکنوں کو فوج کے علاوہ آل عامر، الضبیعہ اور الحراملہ قبائل کی بھی بھرپور حمایت حاصل رہی ہے۔ادھر الجوف میں مزاحمتی ملیشیا کے ترجمان عبداللہ الاشرف نے بتایا کہ گورنری میں جاری لڑائی کیدوران حکومتی فورسز نے اہم مقامات پر کنٹرول حاصل کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لڑائی کے نتیجے میں الغیل اور المصلوب گورنریوں میں 11 حوثی باغی ہلاک اور 25 گرفتار کرلیے گئے ہیں۔جنوب مشرقی یمن کی شبو گورنری میں عسیلان اور دیگر علاقوں میں تازہ لڑائی میں حکومتی فورسز نے فاتحانہ پیش قدمی کی ہے۔ حکومتی فورسز کے قریبی ذرائع کے مطابق شبو میں کم سے کم 10 حوثی باغی ہلاک ہوگئے ہیں۔ادھر البیضا گورنری میں الوھبیہ کے مقام پر حوثی ملیشیا کے جنگجوں نے بنی وھب قبیلے کے ایک شہری کا جنازہ گذرنے سے روکنے کی کوشش کی تو اس پر تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں کم سے کم چھ باغی اور دو مزاحمت کار جاں بحق ہوئے۔ البیضا ہی میں ایک دوسری لڑائی میں اہم حوثی لیڈر ابو ھلال الحوثی ہلاک اور اس کے تین ساتھی شدید زخمی ہو گئے۔