خبرنامہ انٹرنیشنل

یمن میں پولیس چیک پوسٹ پرخود کش حملےمیں 25 اہلکارہلاک

عدن:( اے پی پی) یمن میں ایک پولیس کمپاؤنڈ پر خود کش حملے میں کم ازکم 25 اہلکار ہلاک اور 60 زخمی ہو گئے۔ یمن کے جنوبی شہر مقالا میں واقع پولیس کمپاؤنڈ میں اہلکار اپنی رجسٹریشن کے لئے کھڑے تھے کہ خود کش بمبار نے خود کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں کم از کم 25 اہلکار ہلاک اور 60 کے قریب زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں طبی عملے کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ داعش نے پولیس کمپاؤنڈ پر ہونے والے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ایک آن لائن نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ایک جنگجو نے کمر کے گرد دھماکہ خیز بیلٹ باندھ کر یہ حملہ کیا ہے جس میں کم از کم 40 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔