خبرنامہ انٹرنیشنل

یورپی ممالک میں حملوں کا ماسٹر مائنڈ شام میں ہلاک

دمشق:(اے پی پی) یورپ سمیت مختلف ملکوں میں حملوں کا مبینہ ماسٹر مائنڈ اور داعش کا سینیئر رہنما ابو محمد ال عدنانی شام کے شہر الباب میں امریکی فضائی کارروائی میں ہلاک ہوگیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے مطابق شام کے شہر الباب میں اتحادی فضائی کارروائی کے دوران شدت پسند گروپ داعش کے سینیئر رہنماؤں میں سے ایک کو نشانہ بنایا گیا۔ ابھی اس حملے میں حاصل کئے گئے اہداف کا جائزہ لیا جارہا ہے اس لئے اس میں کسی اہم رہنما کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی جاسکتی تاہم اس سے داعش کو بہت بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ داعش سے منسلک نیوز ایجنسی اعماق نے اس کارروائی میں ابو محمد العدنانی کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ داعش کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شام کے شہر الباب میں ہلاک ہو گئے ہیں- العدنانی کو ابو بکر البغدادی کے بعد داعش کا سربراہ سمجھا جاتا تھا۔ العدنانی یورپ اور دوسرے مقامات پر حملوں کا ماسٹر مائنڈ بھی کہا جاتا تھا۔ اس کی نگرانی میں پیرس حملے، برسلز کے ہوائی اڈے پر حملہ، استنبول ایئرپورٹ حملہ، سینا میں روسی مسافر طیارہ مار گرایا جانا، انقرہ میں ایک ریلی پر خودکش حملہ اور بنگلا دیش میں ایک کیفے پر حملہ کیا گیا۔ امریکا نے العدنانی کے سر کی قیمت 50 لاکھ ڈالر مقرر کی تھی۔