خبرنامہ انٹرنیشنل

یورپی یونین بغیر ویزا سفر کا معاہدہ پورا کرے ، ترکی

انقرہ ۔:(اے پی پی) ترک وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو نے یورپی یونین کو خبردار کیا ہے کہ وہ ترکوں کے یورپی ممالک میں بغیر ویزا سفر سے متعلق معاہدے کی پاسداری کرے۔دوسری صورت میں ترکی اس معاہدے کے تحت غیر ملکی تارکین وطن کو واپس لینے سے متعلق اپنے وعدوں کو پورا نہیں کرے گا۔داؤد اوغلو اسٹراسبرگ کے لیے روانہ ہونے سے قبل انقرہ کے ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔انھوں نے کہا کہ ”یہ ایک باہمی معاہدہ ہے۔اگر یورپی یونین اس پر عمل درآمد کے لیے درکار ضروری اقدامات نہیں کرسکتی ہے تو پھر وہ ترکی سے بھی انہی اقدامات کی توقع کیسے رکھ سکتی ہے”۔انھوں نے کہا کہ :”میرا یہ یقین ہے اور ان شاء اللہ ہمیں جون میں ویزے سے استثنیٰ حاصل ہوجائے گا۔اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو پھر کسی کو یہ توقع بھی نہیں رکھنی چاہیے کہ ترکی اپنے حصے کی ذمے داریوں کا پابند رہے گا”۔ترکی اور یورپی یونین کے درمیان شامی مہاجرین کی آبادکاری سے متعلق معاہدہ 18 مارچ کو طے پایا تھا۔اس کے تحت ترکی کی علاقائی حدود سے تنظیم کے رکن ممالک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے شامیوں اور دوسرے افراد کو ترکی میں واپس سے بھیجا جائے گا۔اس کے بدلے میں ترک شہریوں کو جون 2016ء سے یورپی ممالک میں بغیر ویزا سفر کی اجازت ہوگی۔