خبرنامہ انٹرنیشنل

یورپی یونین سےاخراج برطانیہ کوٹیکسوں میں اضافہ: جارج اوزبورن

لندن :(اے پی پی) برطانوی وزیر خزانہ جارج اوزبورن نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے اخراج کے فیصلے کے بعد برطانیہ کو ٹیکسوں میں اضافہ اور اخراجات میں کٹوتی کرنا پڑے گی۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ مشکل فیصلے آئندہ آنے والے وزیر اعظم کو کرنا پڑیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریفرنڈم سے پہلے وہ جن چیزوں کے بارے میں خبردار کر رہے تھے، واقعات انھیں سچا ثابت کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ریفرنڈم کی مہم کے دوران معیشت پر منفی اثرات کے بارے میں جن خدشات کا اظہار کیا تھا اس پر وہ ابھی قائم ہیں اور یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد معیشت کی صورت حال کچھ زیادہ خوش کن نہیں ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ یہ بالکل واضح ہے کہ معیشت کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس سے ملک غریب ہو گا۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ انھیں عوام کو مالی تحفظ فراہم کرنا ہو گا اور اور دنیا کو دکھانا ہو گا کہ برطانیہ اپنے وسائل کے اندر رہ سکتا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلے آئندہ آنے والے وزیر اعظم کو کرنا ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ برطانوی معیشت اِس دھچکے کو برداشت کرنے کے لیے تیار تھی تاہم جن لوگوں نے یورپی یونین سے نکلنے کی مہم چلائی تھی اب یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ متبادل حل پیش کریں۔