خبرنامہ انٹرنیشنل

یورپی یونین سےانخلا ء ، پاؤنڈ 31 سال کی کم ترین سطح پرآگیا

لندن/کراچی /بیجنگ /ٹوکیو(آئی این پی) برطانوی عوام کے یورپی یونین سے انخلا کے فیصلے کے بعد بین الاقوامی مارکیٹ میں پاؤنڈ نمایاں کمی کے بعد 31 سال کی کم ترین سطح پر آگیا۔یاد رہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین کا حصہ رہنے یا انخلا سے متعلق ہونے والے ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق برطانوی عوام کی اکثریت یورپی یونین سے نکلنے کی حامی ہے۔نتائج کے مطابق یورپی یونین سے انخلا کی حمایت میں 51.8 فیصد جبکہ مخالفت میں 48.2 فیصد افراد نے ووٹ دیا۔جب پولنگ ختم ہوئی تو ڈالر کے مقابلے پر پاؤنڈ کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا، تاہم جب ابتدائی نتائج آنا شروع ہوئے تو پاؤنڈ تیزی سے گرنا شروع ہو گیا۔جس کے بعد پاؤنڈ کی قدر میں 10 فیصد تک کمی ہوئی اور وہ ڈالر کے مقابلے میں 1.33 ڈالر پر آ گیا جو 1985 کے بعد سے پانڈ کی کم ترین سطح ہے۔دوسری جانب ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں بھی شدید مندی دیکھی گئی۔چین کی اسٹاک مارکیٹ میں 1.91 فیصد کمی دیکھی گئی، جبکہ جاپان میں 7 فیصد، ممبئی میں 3 فیصد اور آسٹریلیا میں انڈیکس 3.3 فیصد تک گرگیا۔ہانگ کانگ مارکیٹ 4.5 فیصد تک گری۔برطانیہ میں ریفرنڈم کا اثر پاکستانی اسٹاک مارکیٹ پر بھی پڑا اور جمعہ 24 جون کو ٹریڈنگ کا آغاز ہوتے ہی کراچی اسٹاک ایکسچینج (کے ایس ای) میں شیئرز 2 فیصد تک گر گئے۔ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف اکنامسٹ اور ڈائریکٹر سعد ہاشمی نے اس صورتحال کے حوالے سے کہا، یہ سب بریگزٹ (برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلا) کی وجہ سے ہوا۔تاجروں کا کہنا تھا کہ بینکنگ اور آئل اسٹاک شدید مندی کا شکار ہیں۔دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کو بھی پر لگ گئے اور ریفرنڈم ختم ہوتے ہیں اس کی قیمت میں 22 فیصد اضافہ ہوگیا۔