خبرنامہ انٹرنیشنل

یورپی یونین سےبرطانیہ کی علیحدگی کا عمل جلد مکمل کیا جائے، فرانسیسی صدر

پیرس: (اے پی پی) فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کے عمل میں تاخیر سے کام نہ لیا جائے۔ نازی جرمنی کے خلاف فرانس اور برطانیہ کے اتحاد کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے فرانسیسی صدر نے کہا کہ یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کا عوامی فیصلہ منسوخ نہیں ہو سکتا اور اس پر جلد از جلد عمل درآمد کیا جانا چاہئے۔ اس موقع پر برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون بھی موجود تھے۔فرانسیسی صدر نے دعوی کیا کہ برگزیٹ کے حق میں ووٹ دینے کے بعد برطانوی عوام اب محسوس کر رہے ہیں کہ یورپی یونین میں شمولیت کے کیا فوائد انہیں حاصل ہیں۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے نتیجے میں برطانوی معیشت میں گراوٹ آنے کا اندیشہ ہے لہذا علیحدگی کا عمل جتنی جلدی مکمل کر لیا جائے وہ برطانوی عوام کے حق میں بہتر ہو گا۔