خبرنامہ انٹرنیشنل

یورپی یونین کا سربراہ اجلاس (آج)جمعہ کو مالٹا کے دارالحکومت میں شروع ہو گا

برسلز ۔ 2فروری (ملت+اے پی پی) یورپی یونین کا سربراہ اجلاس (آج)جمعہ کو مالٹا کے دارالحکومت میں شروع ہو گا۔جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹْسک نے یورپی یونین کا اجلاس شروع ہونے سے قبل یورپی لیڈروں کے نام لکھے گئے اپنے ایک خط میں کہا کہ اجلاس کا خاص موضوع ’یورپی یونین کا مستقبل‘ تجویز کیا جا چکا ہے۔ مالٹا میں یونین کے ستائیس رکن ملکوں کے رہنما شریک ہوں گے۔ اجلاس میں برطانیہ کی وزیراعظم تھریسا مے شرکت نہیں کریں گی۔سفارتی مبصرین کے مطابق یورپی یونین کی مالٹا اجلاس پر لیبیا سے مہاجرین کے بہاؤ کو روکنے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سات مسلمان ملکوں کے شہریوں کی امریکا آمد پر پابندی کے فیصلے سے کئی قسم کے اندیشے اور وسوسے منڈلاتے دکھائی دیتے ہیں۔ سربراہ اجلاس کے ایجنڈے پر برطانوی حکومت کا یورپی یونین کو خیرباد کہنے کا عمل بھی اہمیت اختیار کیے ہوئے ہے۔