خبرنامہ انٹرنیشنل

یورپی یونین کی بیرونی سرحدوں کی نگرانی میں مزید سختی کا فیصلہ

برسلز (ملت + آئی این پی) یورپی یونین نے بیرونی سرحدوں کی نگرانی میں مزید سختی کا فیصلہ کرلیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپی یونین کی رکن ریاستوں نے اس بلاک کی بیرونی سرحدوں کی نگرانی مزید سخت بنا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ برسلز میں ہونے والے یونین کے ایک وزارتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ یونین کے شینگن زون کی بیرونی سرحدوں سے گزر کر اس بلاک میں داخل ہونے والے تمام افراد کے ذاتی کوائف کی الیکٹرانک جانچ پڑتال کی جائے گی۔ یورپی وزرا نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ اس عمل سے استثنی کی واحد صورت یہ ہو گی کہ اس نگرانی کی وجہ سے سرحدی آمد و رفت بہت بری طرح متاثر ہونے کا خطرہ ہو اور اس حوالے سے نمونے کے طور پر کی جانے والی اتفاقیہ چیکنگ کے نتائج بھی منفی نہ ہوں۔ ان نئے اقدامات کے ذریعے یونین اپنے رکن ملکوں میں دہشت گردی کے بڑھتے خطرات کا مقابلہ کرنا چاہتی ہے۔